کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر صادق محمد اور اہلیہ کی کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی۔
سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ’الحمد اللہ، مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ صادق محمد اور اُن کی اہلیہ کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ نیگیٹیو آئی ہے‘۔
یاد رہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد اور ان کی اہلیہ کے کرونا ٹیسٹ کے لیے خون کے نمونے گزشتہ روز لیے گئے تھے۔ سندھ حکومت کے ترجمان نے بتایا تھا کہ ڈاکٹرز کی ٹیم نے گھر جاکر دونوں کے خون کے نمونے حاصل کیے ہیں۔
Happy to inform that both Sadiq sb & his wife have tested negative. Alhamdolillah https://t.co/ecuHlmbH2u
— SenatorMurtaza Wahab (@murtazawahab1) April 24, 2020
مرتضیٰ وہاب نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ سابق ٹیسٹ کرکٹر اور ان کی اہلیہ کے لیے دعا کریں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد کے گھر پر ٹیم بھیج کر ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ سیمپل لینے کی ہدایت کی تھی۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سابق کرکٹر کو ٹیلی فون کر کے اُن کی خیریت دریافت کی تھی اور محکمہ سندھ کے حکام کو رابطہ رکھنے کی ہدایت بھی کی تھی۔
واضح رہے کہ سابق کرکٹر صادق محمد کا دو روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ویڈیو پیغام سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔