صادق آباد(8 دسمبر 2026): ادھار کے پیسے 60 ہزار مانگنے پر ماموں نے بھانجے کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق صادق آباد کےمعروف چوک صادق کلب کے قریب پیش ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ماموں نے اپنے بھانجے کو قتل کردیا، بھانجے نے ماموں سے ادھار واپسی کا تقاضہ کیا تھا۔
رقم واپسی کا تقاضا کرنے پر ماموں اور بھانجے کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جسکے بعد ملزم نے ساتھیوں سمیت بھانجے کی کار پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ سے نوجوان بھانجا موقع پر جاں بحق ہوگیا، پولیس نے نوجوان کا پوسٹ مارٹم مکمل کرکے تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کردی۔
دوسری جانب کراچی میں پسند کی شادی کرنیوالے جوڑے کو گھر میں گھس کر گولیاں مار دی گئیں، خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ شوہر کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
کراچی کے علاقے لاسی گوٹھ کے ایک گھر میں فائرنگ سے خاتون جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا، پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا شاخسانہ لگتا ہے۔
فائرنگ کے شکار مرد اور خاتون نے کورٹ میرج کی تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی نصراللہ کی حالت تشویشناک ہے، سر پر گولیاں ماری گئیں، اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


