پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کا اگلا میئر ہمارا ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی نے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بڑا دعویٰ کردیا اور کہا کہ کراچی کا اگلا میئر پیپلز پارٹی کا ہوگا، کیونکہ کراچی میں دیگر جماعتوں کے ووٹ گر رہے ہیں جب کہ پی پی پی کے ووٹ بڑھ رہے ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی میں بے شمار ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، سندھ حکومت کام نہیں کررہی ہوتی تو الیکشن میں نتائج سامنے نہیں آتے۔
سعید غنی نے کسی کا بھی نام لیے بغیر کہا کہ آپ کہتے ہیں کہ کے فور کو سندھ حکومت نے پانی نہیں دیا، چیف سیکریٹری بار بار کہہ چکے کہ وفاقی حکومت پانی فراہم نہیں کررہی اور انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ وفاق اگر 1200 کیوسک پانی نہیں بھی دیتا تو ہم اپنے کوٹے سے دینگے۔
واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں گزشتہ روز صوبے کے 14 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا پہلا مرحلہ، پیپلز پارٹی کا پلڑا بھاری رہا
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مذکورہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کا پلڑا بھاری رہا ہے۔