کراچی : کچرے کے ڈھیر میں ڈوبے ہوئے کراچی میں صفائی کی حالت بہتر نہ ہوسکی، انتظامیہ نے کچرا کنڈیاں چھوڑ کر کچرا دان شہر کی اہم شاہراہوں پر رکھنا شروع کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں صفائی اب تک ایک خواب ہی معلوم ہوتی ہے۔ گزشتہ دنوں ہونے والی بارشوں کے بعد شہر کا تقریباً ہرعلاقہ گندگی سے اٹا ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے صفائی کی حوالے سے احکامات بھی ردی کی ٹوکری کی نذر کردیئے گئے، گولیمار کی پھول والی گلی میں پھول تو نہیں البتہ گندا پانی کھڑا ہوا ہے۔
شہریوں کا سوال ہے کہ صفائی کا دعویٰٰ کرنے والی سائیں سرکار کہاں ہے؟ شہر میں صفائی کی صورتحال بدترین ہے۔ محکمہ بلدیات نے کچرا کنڈیاں چھوڑ کر کچرا دان مصروف شاہراہوں پررکھنا شروع کردیئے۔
ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں گورنر ہاؤس جانے والی سڑک پر پولیس فلیٹ کے سامنے کچرا دان مین روڈ پر رکھ دیا گیا۔ کچرا دان سڑک پر رکھنے کی وجہ سے کوئی بھی حادثہ رونما ہوسکتا ہے۔