چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے الوداعی ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہونیوالی ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے علاقائی استحکام اور ملٹری ڈپلومیسی میں جنرل ساحر شمشاد کے کردار کو سراہا اور افواجِ پاکستان کیلئے کوششوں پر اظہارِ تشکر کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملاقات کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا کی مثالی قیادت، اسٹریٹجک دور اندیشی، اور افواج پاکستان کے لیے وقف خدمات کو سراہا، انہوں نے تینوں مسلح افواج کے درمیان ربط و ہم آہنگی بڑھانے، مشترکہ آپریشنل تیاریوں کو تقویت اور پاکستان کی قومی سلامتی کے مقاصد کو سٹریٹجک سطح پر آگے بڑھانے میں جنرل ساحر شمشاد مرزا کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے علاقائی استحکام، فوجی سفارت کاری اور دوست ممالک کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لئے جنرل ساحر شمشاد مرزا کے کردار پر بھی روشنی ڈالی، جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے دور میں دیئے گئے تعاون اور حمایت پر آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کا شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے جی ایچ کیو میں یادگار شہدا پر پھول رکھے جبکہ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا،،
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


