ساہیوال: پنجاب کے شہر ساہیوال میں 6 سالہ بچی کو اغوا کے بعد قتل کردیا گیا، بچی کی لاش تین روز بعد کھیتوں سے ملی۔
تفصیلات کے مطابق ساہیوال تھانہ غلہ منڈی کے علاقہ 90/9 ایل میں 6 سالہ بچی کو اغوا کے بعد قتل کرکے لاش کھیتوں میں پھینک دی گئی، ورثا نے احتجاج کرتے ہوئے جی ٹی روڈ بلاک کردیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق قتل ہونے والی بچی کو دو روز قبل گھر کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا، ورثا نے متعلقہ تھانہ میں اطلاع بھی دی، پولیس نے بچی کے اغوا کا مقدمہ درج کیا مگر بچی کو تلاش نہ کیا جاسکا، آج بچی کی لاش گھر کے قریب کھیتوں سے ملی۔
بچی کے ورثا نے احتجاج کرتے ہوئے جی ٹی روڈ کو بلاک کردیا بعدازاں ڈی ایس پی کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کردیا۔
مزید پڑھیں: گوجرانوالہ میں 8 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی بچی کے ساتھ زیادتی کے بعد قتل کیے جانے کا پتا چل سکے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل گوجرانوالہ میں 8 سالہ بچی مریم لاپتہ ہوگئی تھی جس کی لاش تین روز بعد کھیتوں سے برآمد ہوئی تھی، بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا۔