ساہیوال : لوگوں کو کروڑوں روپے کا چونا لگانے کی کوشش ناکام ،ایف آئی اے نے جعلی بینک پکڑ لیا۔
تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں ایک مشہور بنک کے نام سے بنائے جانے والے جعلی بینک پر ایف آئی اے لاھور نے چھاپہ مار کر 8 ملازمین کو حراست میں لے لیا اور پوچھ گچھ کیلئے اپنے ساتھ لاہور لے گئے۔
جبکہ بینک کا مالک جس کا نام کاشف بتایا جا رہا ہے وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، مذکورہ بینک شہر کے بارونق علاقے دھوبی محلہ میں بنایا گیا تھا اور لوگوں سے لین دین اور شیڈول بینکوں کی طرح کام کر رہا تھا۔
جبکہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے بینک کے پاس نہ ہی کوئی لا ئسنس اور نہ متعلقہ بنک کی منظوری تھی اور جعلی طریقے سے بنایا جانے والا یہ بینک لوگوں کو کا ر لیزنگ، حج کیلئے درخواستیں اور مارکیٹنگ کے ذریعے لوگوں کو اپنی برانچ میں رقم ڈیپازٹس کروا کے فراڈ کرنا چاہ رہا تھا۔
تاہم ایف آئی اے کی بر وقت کارروائی سے ساہیوال کے لوگ کروڑوں روپےکے کئے جانے والے فراڈ سے بچ گئے ہیں۔