ساہیوال(21 مئی 2026): کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ساہیوال میں دو مختلف مقامات پر انٹلی جنس بیسڈ کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا اور تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق پہلی کارروائی فیصل آباد روڈ پر کی گئی جہاں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی (فتنہ الخوارج) سے تعلق رکھنے والے ایک دہشت گرد مومین احمد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار دہشت گرد کا تعلق خیبر پختونخوا کی تحصیل باڑہ، ضلع خیبر سے ہے۔
دہشت گرد کے قبضے سے 2 کلو گرام بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، پرائما کارڈز اور بیٹری الیکٹرک سرکٹ برآمد ہوا، جسے بم ڈسپوزل عملے نے فوری طور پر ناکارہ بنا دیا۔
دوسری کارروائی غربی بائی پاس کے قریب عمل میں لائی گئی، جہاں سی ٹی ڈی نے کالعدم تنظیم کے ایک اور دہشت گرد فرمان علی کو گرفتار کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد بھی کے پی کے کے علاقے باڑہ کا رہائشی ہے اور ساہیوال میں شہریوں کو گمراہ کر کے کالعدم تنظیم میں شمولیت کی ترغیب دے رہا تھا۔ اس کے قبضے سے نفرت انگیز بینرز، کتابیں، لٹریچر، نقدی اور میموری کارڈز برآمد ہوئے ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں گرفتار دہشت گردوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


