پاکستان کے نوجوان اوپنر صائم ایوب نے آل راؤنڈر بننے کا سہرا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)، پشاور زلمی اور اپنے کوچز کے سر سجا دیا۔
صائم ایوب نے پی ایس ایل 2023 میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی اور 12 اننگز میں 28.41 کی اوسط اور 165.53 کے اسٹرائیک ریٹ سے 341 رنز بنائے۔
انہوں نے زلمی کی جانب سے بیٹنگ کے ساتھ ساتھ اسپن بولنگ بھی کی، جس کے بعد وہ پاکستان ٹیم میں بطور آل راؤنڈر نمایاں ہوئے اور اس وقت ٹی 20 آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں۔
صائم ایوب پاکستان کے لیے تمام فارمیٹس میں مجموعی طور پر 34 انٹرنیشنل وکٹیں لے چکے ہیں۔
یہ پڑھیں: آئی سی سی رینکنگ میں صائم ایوب کی پہلی پوزیشن برقرار
انہوں نے ٹی 20 انٹرنیشنل کی 28 اننگز میں 24.33 کی شاندار اوسط اور صرف 6.90 کے اکانومی ریٹ سے 21 وکٹیں حاصل کیں اور بھارت کے ہاردک پانڈیا کو پیچھے چھوڑ کر ٹاپ رینک آل راؤنڈر بن گئے۔
آل راؤنڈر اس وقت بنگلادیش پریمیئر لیگ میں سلہٹ ٹائٹنز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ انہوں نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ کلب کرکٹ کے دوران کبھی کبھار بولنگ کرتے تھے لیکن ان کی کامیابی کا اصل سہرا پی ایس ایل اور پشاور زلمی کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ "جب میں پاکستان ٹیم میں آیا تو مجھ پر بھروسہ کیا گیا اور بولنگ تکنیک بہت کام کیا گیا۔ سچ پوچھیں تو مجھے امید نہیں تھی کہ میں اتنی اچھی بولنگ کر سکوں گا، اس کا کریڈٹ ان کوچز کو جاتا ہے جنہوں نے سخت محنت کی، اور میں نے بھی پوری کوشش کی کہ اگر ٹیم کی مدد کر سکتا ہوں تو کیوں نہ کروں۔”
صائم ایوب نے مزید کہا کہ موجودہ بولنگ کوچ ایشلے نوفکے بہت اچھے کوچ ہیں جن سے انہوں نے بہت کچھ سیکھا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


