وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صائم ایوب کی عمدہ بیٹنگ نے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی گئی، مریم نواز نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرکے فتح حاصل کی، ٹی20 کے بعد ون ڈے سیریز میں کامیابی محنت، ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی ون ڈے سیریز جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے، انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ویلڈن ٹیم پاکستان، تھینک یوفیصل آباد۔
یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اہم اعزاز حاصل کرلیا
محسن نقوی نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر جنوبی افریقہ کیخلاف پہلی ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارکباد دیتا ہوں، ہیڈکوچ مائیک ہیسن، کپتان شاہین آفریدی اور تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتا ہوں
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ کھلاڑیوں نے 17 سال بعد اقبال اسٹیڈیم میں سیریزجیت کر ماضی کی یادیں تازہ کردیں، کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی سے ٹی20 کے بعد ون ڈے سیریز بھی اپنے نام کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ابرار احمد نے شاندار بولنگ، صائم ایوب نے بہترین بیٹنگ کرکے فتح میں نمایاں کردار ادا کیا، انٹرنیشنل کرکٹ کی فیصل آباد واپسی پر شائقین نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان نے جنوبی افریقا کو تیسرے ون ڈے میں ہرا کر سیریز جیت لی


