(یکم اکتوبر 2025) ایشیا کپ میں بدترین ناکامی کے باوجود قومی اوپنر صائم ایوب پر قسمت مہربان ہے ورلڈ نمبر ون آل راؤنڈر کے بعد ایک اور اعزاز مل گیا۔
اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کی ابتدا میں ہی اپنے نو لُک شاٹ سے کرکٹ ماہرین کو حیران کرنے والے صائم ایوب کا بلا ایشیا کپ میں خاموش رہا۔ اور وہ پورے ٹورنامنٹ کے 7 میچز کھیل کر صرف 37 رنز ہی بنا سکے۔
بیٹنگ فارم کھونے کے باوجود پاکستانی بیٹر پر قسمت مہربان ہے کہ آج وہ آئی سی سی کی نئی رینکنگ میں ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون آل راؤنڈر بنے اور اس کے بعد وزڈن کرکٹ نے بھی ایشیا کپ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں صائم ایوب کو شامل کر لیا ہے۔
وزڈن نے ایشیا کپ کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کیا ہے۔ اس ٹیم میں بھارت کے 5، پاکستان اور سری لنکا کے دو دو جب کہ بنگلہ دیش اور افغانستان کا ایک ایک کھلاڑی شامل کیا گیا ہے۔ تاہم ٹرافی وننگ کپتان سوریا کمار یادیو کو اس ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔
وزڈن کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
ابھیشیک شرما، تلک ورما، سنجو سیمپسن، اکشر پٹیل اور کلدیپ یادیو (بھارت)، صائم ایوب اور شاہین شاہ آفریدی (پاکستان)، ڈاسن شناکا اور پاتھم سنانکا (سری لنکا)، عظمت اللہ عمر زئی (افغانستان) اور مستفیض الرحمان (بنگلہ دیش)۔
وزڈن کے مطابق یہ شاید متنازع ترین سلیکشن ہے، اس پر کئی سوالات اٹھ سکتے ہیں کہ کیا آپ ایک ایسے بیٹر کو منتخب کرسکتے ہیں جس نے رنز نہیں بنائے اور وکٹیں حاصل کیں۔
وزڈن کا کہنا ہے کہ صائم ایوب کی سلیکشن تیسرے اسپنر کا آپشن بھی موجود ہے جبکہ ان کے رنز کو ٹیم کے لیے بونس قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ صائم ایوب نے ایشیا کپ 2025 میں 5.28 کی بدترین اوسط سے 37 رنز اسکور کیے اور وہ ٹورنامنٹ کے سات میں سے میچز میں رنز کا کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹے۔
نوجوان بیٹر بیٹنگ میں ضرور بدترین ناکامی سے دوچار ہوئے، لیکن بولنگ میں ان کی کارکردگی متاثر کن رہی۔ انہوں نے ایشیا کپ میں مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کیں اور ٹورنامنٹ کے چھٹے بہترین بولر رہے۔ انمیں ٹاپ بیٹر ابھیشیک شرما، شبمن گل اور تلک ورما جیسے بلے بازوں کی وکٹیں بھی شامل ہیں۔


