نیویارک (27 ستمبر 2025): پاکستانی نژاد ریپبلکن ساجد تارڑ بھی وزیر اعظم شہباز شریف کے اقوام متحدہ میں خطاب کے معترف دکھائی دیے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں ریپبلکن رکن ساجد تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے 2 دن کے اندر 3 ملاقاتیں ہوئی ہیں، پاکستان ایک نئی ابھرتی ہوئی طاقت بن کر سامنے آ رہا ہے۔
انھوں نے کہا شہباز شریف نے اقوام متحدہ میں پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا ہے، پاکستان ایک نئی ابھرتی ہوئی طاقت بن کر سامنے آ رہا ہے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
’خودمختار فلسطینی ریاست کی حمایت کرتے ہیں جس کا دارالحکومت القدس ہو‘
ساجد تارڑ نے کہا عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر اور فلسطین سے بہترین طور پر آگاہ کیا گیا، کشمیر میں بھارت کی جانب سے ظلم و ستم کا بازار گرم ہے، افغانستان اس وقت دوحہ معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، افغان طالبان اس وقت ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کو سپورٹ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے نیویارک سے لندن روانگی پر میڈیا سے گفتگو میں کہا صدر ٹرمپ سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات خصوصاً تجارت اور سرمایہ کاری پر گفتگو ہوئی، صدر ٹرمپ نے امریکی کمپنیوں کو کہا کہ فوری پاکستان جا کر سرمایہ کاری کا جائزہ لیں۔
انھوں نے کہا صدر ٹرمپ کا پاک بھارت جنگ بندی میں کردار پر شکریہ ادا کیا، صدر ٹرمپ کی جانب سے خیرسگالی جذبات کا اظہار کیا گیا، ہم نے پاکستان کا بہترین مقدمہ پیش کیا، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کھل کر بات کی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


