جمعرات, جولائی 16, 2026
اشتہار

سلمان آغا نے کیا بابر اعظم کا انٹرویو! منفرد سوالات کے دلچسپ جوابات

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور (2 نومبر 2025): ٹی 20 سیریز جیتنے کے بعد کپتان سلمان آغا نے بابر اعظم کا انٹرویو لیا جس میں منفرد سوالات کے دلچسپ جوابات دیے گئے۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے کر سیریز دو ایک سے اپنے نام کر لی۔ فائنل کی حیثیت اختیار کر جانے والے میچ کے ہیرو اسٹار بیٹر بابر اعظم رہے۔ جنہوں نے طویل عرصہ بعد فارم میں واپسی کرتے ہوئے اپنی بیٹنگ کلاس کی جھلک دکھائی اور 47 گیندوں پر 68 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔

میچ کے بعد قومی کپتان سلمان علی آغا نے اسٹار بیٹر بابر اعظم سے غیر رسمی انٹرویو لیا۔ پی سی بی ڈیجیٹل پر ہونے والے اس انٹرویو میں دونوں کرکٹرز کی جانب سے منفرد سوالات اور دلچسپ جوابات دیے گئے۔

قومی کپتان گراؤنڈ میں کھڑے ہو کر تعارف کراتے ہیں کہ میں ہوں سلمان علی آغا اور ہمارے ساتھ ہیں کوئی اور نہیں بلکہ بابر اعظم جنہوں نے آج کے میچ میں 70 رنز کیے ہیں۔ ویسے کتنے کیے ہیں چلو جتنے بھی کیے ہیں۔

میچ کے دوران پچ اور بیٹنگ کے سوال میں بابر اعظم نے کہا کہ بیٹنگ کے دوران اسپنرز کے خلاف مشکلات پیش آئیں۔ تاہم جب آپ (سلمان آغا) آئے تو پلان پنایا کہ جیسے ہی کوئی گیند رینج میں آگے گی تو اس پر چانس لیں گے۔

اس پر سلمان علی آغا نے پوچھا کہ ’’پھر آیا رینج میں؟‘‘ جس پر دونوں کرکٹرز نے زبردست قہقہہ لگایا۔ بابر اعظم نے کہا کہ اپنے شاٹس پر اعتماد رکھا، خود کو بیک کیا اور اللّٰہ کے فضل سے ٹیم کو کامیابی ملی۔

سلمان علی آغا نے اس موقع پر سینئر بلے باز سے پُرمزاح انداز میں یہ سوال بھی پوچھا کہ آپ بیٹنگ کے دوران مجھے کیوں اتنا بھگاتے رہے۔

بابر اعظم نے کپتان کے شرارتی سوال کا ہنستے ہوئے دلچسپ جواب دیا کہ آخر آپ ہمارے کپتان ہیں، اور پھر آپ ہی نے تو زیادہ ڈبل رنز لیے ہیں۔

سابق پاکستانی کپتان نے اس موقع پر سنجیدگی سے اپنی طویل آؤٹ آف فارم پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شائقین اور ٹیم جو مجھ سے توقعات کرتے ہیں میں ان پر پورا اترنے کی ہمیشہ کوشش کرتا ہوں۔ لیکن کیریئر میں کبھی کبھی ایسا بھی وقت آتا ہے کہ آپ کو سب ٹھیک لگ رہا ہوتا ہے مگر حالات آپ کے قابو میں نہیں ہوتے۔ تاہم اس عرصہ کے دوران ہمیشہ مثبت رہنے کی کوشش کی اور اپنی ٹریننگ اور فوکس پر محنت کر کرتے رہے۔

اس غیر رسمی انٹرویو کے اختتام پر ٹی 20 کپتان سلمان علی آغا نے بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جب یہ فارم میں نہیں ہوتے تو ضرور پریشان دکھائی دیتے ہیں، مگر ان کا اپنے کام سے اخلاص مثالی ہیں، وہ روز باقاعدہ پریکٹس، فیلڈنگ اور محنت کرتے ہیں، یہی عادتیں انہیں ایک عظیم کھلاڑی بناتی ہے۔ ان کی اس اننگز سے نا صرف ٹیم بلکہ پورا پاکستان خوش ہے اور جب بابر رنز بناتے ہیں تو سب کو یقین ہوتا ہے کہ پاکستان جیت سکتا ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے پاکستان کو جیت کے لیے 140 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔ دو وکٹیں 44 رنز پر گرنے کے بعد بیٹنگ کے لیے مشکل وکٹ پر بابر اعظم نے کپتان سلمان علی آغا کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے 76 رنز قیمتی پارٹنر شپ قائم کی۔

بابر اعظم کا ٹی 20 کرکٹ میں ایک اور عالمی ریکارڈ پر قبضہ

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں