دبئی : ایشیا کپ 2025 کے فائنل میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا، پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے شکست کی وجہ بیان کردی۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان سلمان آغا نے کہا کہ جلدی وکٹیں گرنے کی وجہ ہم سے زیادہ اسکور نہیں بنا سکے، تاہم ہمارے بولرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بیٹنگ میں مشکلات پیش آئیں، مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے، مضبوط کم بیک کریں گے، میچ کے آخری اوور میں اچھا نہیں کھیل سکے۔
سلمان علی آغا کا مزید کہنا تھا کہ ایشیا کپ فائنل میچ میں ہماری بیٹنگ میں کارکردگی اچھی نہیں تھی جو پریشانی کا باعث بنی، بیٹنگ میں اچھا فنش کرتے تو نتیجہ مختلف ہوتا۔ بطورٹیم اپنی کارکردگی پر فخر ہے۔
بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ حارث رؤف ہمارا بہترین بولر تھا، جب آپ ہارتے ہیں تو ایسی چیزیں آتی ہیں، جو چیزیں بری ہوئی ہیں ان کو امپرو کریں گے،مجموعی طور پر ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب چیزیں غلط ہوتی ہیں تو ہار ہوتی ہے، پچھلے میچ میں حارث بیسٹ بولر تھا، پہلے 6اوورز میں فاسٹ بولرز نے اچھی بولنگ کی تھی، یہ ٹیم پہلے اچھا کررہی تھی، ایسی بات نہیں ہم کسی کو مس کررہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں سلمان علی آغا نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے آغاز میں سوریا کمار نے مجھ سے ہاتھ ملایا تھا، بعد میں ہاتھ نہ ملا کر انہوں نے ہماری نہیں کرکٹ کی بے عزتی کی ہے۔
صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے ٹرافی نہ لینے کے سوال پر سلمان آغا نے کہا کہ ایک اچھی ٹیم ایسا نہیں کرتی جو آج بھارت نے کیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں ان کو جو ہدایات دی جاتی ہیں وہ فالو کرتے ہیں، آج جو کچھ ہوا ہے یہ پہلی بار دیکھا ہے، اب تک جو کچھ اس ٹورنامنٹ میں ہوا وہ بہت برا تھا۔
اگر اے سی سی کا صدر ہی ٹرافی دے گا کوئی اور تو نہیں دے گا، یہ جو کچھ ہوا گیم کے ساتھ غلط ہوا ہے، پورے ٹورنامنٹ میں اپس اینڈ ڈاؤن رہا ہے۔
کپتان نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ہمیں معلوم ہے کہ ہم بھارت کے خلاف اچھی کرکٹ نہیں کھیل رہے، ہر ایک کا دور ہوتا ہے90میں ہم ان کو ہرایا کرتے تھے۔
اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ پاکستان ٹیم نے تمام میچز کی فیس بھارتی جارحیت میں زخمی ہونے والوں کے نام کردی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


