جمعرات, فروری 12, 2026
اشتہار

سلمان علی آغا نے بھارت کے ہاتھوں شکست کی بنیادی وجہ بتادی

اشتہار

حیرت انگیز

دبئی(29 ستمبر 2025): پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ایشیا کپ 2025ء کے فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست کی بنیادی وجہ بیٹنگ کے شعبے میں ناکامی کو قرار دیا ہے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کو کھیلے گئے اے سی سی مینز ٹی20 ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پاکستان کو روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے بیٹنگ لائن اپ کی ناکامی کو اس شکست کی بنیادی وجہ قرار دیا۔

میچ کے بعد پریزنٹیشن تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے بیٹنگ کی ناکامی پر افسوس کا اظہار کیا اور اس شعبے میں بہتری لانے کی طرف اشارہ دیا۔

انہوں نے کہا "اس وقت یہ شکست ہضم کرنا مشکل ہے، ہماری بیٹنگ کے دوران وکٹیں گرتی رہیں، ہماری بولنگ شاندار تھی لیکن ہم اچھے رنز نہیں بنا سکے۔ ہم نے اسٹرائیک روٹیٹ نہیں کی اور بہت سی وکٹیں گنوائیں۔ ہمیں اپنی بیٹنگ کو جلد از جلد درست کرنا ہوگا۔

کم اسکور کے باوجود پاکستان کی بولنگ یونٹ نے بھارت کو ہدف کے تعاقب میں سخت مقابلہ دیا اور انہیں 19.4 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر ہدف تک پہنچنے دیا۔

پاکستان نے دوسرے اننگز کے آغاز میں شاندار کارکردگی دکھائی، جہاں فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی نے مل کر بھارت کو چار اوورز میں 20/3 پر لاکر دباؤ ڈال دیا۔ انہوں نے ابھیشیک شرما (5)، کپتان سوریہ کمار یادیو (1) اور شبمن گل (12) رنز پر آؤٹ کیا تاہم بھارتی مڈل آرڈر بیٹر تلک ورما کی جارحانہ بیٹنگ نے بھارت کو ٹائٹل جتوایا۔

پاکستانی کپتان نے اپنی ٹیم کی بولنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "ہمارے بولرز نے شاندار کارکردگی دکھائی، بھارت کو آخری چھ اوورز میں 63 رنز درکار تھے اور مجھے لگا کہ ہم میچ جیت جائیں گے، لیکن بیٹنگ ہی وہ شعبہ تھا جس نے ہمیں میچ ہروایا۔”

پاکستان کے کپتان نے اپنی ٹیم پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے مضبوط واپسی کا عزم ظاہر کیا، انہوں نے کہا مجھے اپنی ٹیم پر بہت فخر ہے اور ہمارے پاس بہت کچھ حاصل کرنے کا موقع ہے۔ ہم سخت محنت کریں گے اور مضبوط واپسی کریں گے۔

بھارت نے سنسنی خیزمقابلے کے بعد ایشیاکپ جیت لیا

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں