(17 مئی 2026): بالی وڈ سُپر اسٹار سلمان خان کی جانب سے فلموں کے انتخاب کے بارے میں کیے گئے دعوے نے مداحوں سمیت ہر کسی کو حیران کر دیا۔
سلمان خان نے حالیہ انٹرویو میں فلموں کے انتخاب کے حوالے سے اپنے منفرد انداز کے بارے میں کھل کر بات کی اور یہ انکشاف کیا کہ وہ بڑے اداکار ہونے کے باوجود فلم کا اسکرپٹ نہیں پڑھتے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ مصنفین اور ہدایت کاروں کے تخلیقی وژن کو بہتر طور پر سمجھنے کیلیے براہ راست ان کی زبانی کہانی سننے کو ترجیح دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’جب سلمان خان کی 80 فٹ بلندی سے چھلانگ لگانے پر ڈیڑھ منٹ تک سانس رک گئی‘
سلمان خان نے کئی ایسی بلاک بسٹر فلموں میں مرکزی کردار ادا کیا ہے جنہوں نے باکس آفس پر راج کیا اور نسل در نسل مداحوں کی ایک بہت بڑی تعداد بنائی۔ جہاں بہت سے اداکار فلمیں سائن کرنے سے پہلے اسکرپٹ پڑھنے اور اس کا تجزیہ کرنے میں کافی وقت گزارنے کیلیے جانے جاتے ہیں وہیں سلمان نے انکشاف کیا کہ ان کا طریقہ کار اس سے بالکل مختلف ہے۔
فلموں کے انتخاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ میں نے اپنی پوری زندگی میں کبھی کوئی اسکرپٹ نہیں پڑھا، میں نے اسکرپٹ لکھے ضرور ہیں لیکن انہیں کبھی پڑھا نہیں ہے۔
’میں مصنف یا ہدایت کار سے اسکرپٹ سننا زیادہ پسند کرتا ہوں تاکہ مجھے معلوم ہو سکے کہ وہ کس قسم کی فلم بنا رہا ہے اور اس کا وژن کیا ہے۔ ورنہ اگر میں اسے خود پڑھوں گا تو میرا دھیان اس طرف چلا جائے گا کہ میں اس فلم کو کیسے بناؤں گا، اور میرا وژن ہدایت کار یا مصنف کے وژن سے مختلف ہو جائے گا۔‘
اس بیان نے مداحوں کے درمیان بحث چھیڑ دی اور بہت سے لوگوں کو سلمان خان کا فلمسازی کا یہ انداز کافی دلچسپ لگا ہے۔
اداکار اکثر اپنی فلموں کے تخلیقی پہلوؤں، بشمول کہانی کی تیاری اور اسکرین پلے میں گہری دلچسپی لیتے رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اسکرپٹ کبھی نہ پڑھنے کا ان کا یہ انکشاف بہت سے لوگوں کیلیے خاصا حیران کن ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


