ممبئی (28 اکتوبر 2025): 2007 کی سُپرہٹ کامیڈی فلم ’پارٹنر‘ کی جوڑی سلمان خان اور گووندا کے مداحوں کیلیے بڑی خوشخبری آگئی۔
انڈین میڈیا کے مطابق سلمان خان اور گووندا کے فلم ’پارٹنر‘ کے سالوں بعد دوبارہ ایک ساتھ کام کرنے کی خبروں نے ان کے مداحوں کو بے حد پُرجوش کر دیا۔
پروجیکٹ سے قریب ایک ذرائع نے بتایا کہ دونوں اداکار ایک نئی فلم کیلیے دوبارہ اکٹھے ہو رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سلمان خان اور گووندا ایک پروجیکٹ کے ذریعے دوبارہ اسکرین پر واپس آ رہے ہیں، فلم ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور ابھی اس کا ٹائٹل نہیں رکھا گیا، مزید تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کا ’سکندر‘ کے ڈائریکٹر کو کرارا جواب
واضح رہے کہ یہ جوڑی آخری بار ڈیوڈ دھون کی ’پارٹنر‘میں اکٹھی نظر آئی تھی جو 2007 کی سب سے بڑی ہٹ فلموں میں سے ایک ثابت ہوئی۔ اس کی کامیڈی، موسیقی اور اداکاروں کے درمیان پردے پر دوستی نے اسے ناظرین کا پسندیدہ بنا دیا تھا۔
فلم ’پارٹنر‘ سے پہلے بھی دونوں ستارے فلم ’دیوانہ مستانہ‘ میں اکٹھے نظر آئے تھے اور کئی ایوارڈ شوز اور ٹیلی ویژن ایونٹس میں شریک ہوئے جہاں ان کی دوستانہ نوک جھوک ہمیشہ توجہ کا مرکز رہی۔
دوبارہ اکٹھے ہونے کی خبریں اُس وقت سامنے آئیں جب سلمان خان نے حال ہی میں ’بگ باس‘ کے ایک ایپیسوڈ میں اشارہ دیا کہ وہ جلد ہی ایک پرانے دوست کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اگرچہ ابھی تک کوئی باضباطہ اعلان نہیں ہوا لیکن سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مداح اس حوالے سے تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ مداح امید کر رہے ہیں کہ یہ ری یونین وہی مزاح اور دلکشی واپس لائے گی جس نے فلم ’پارٹنر‘کو ایک یادگار انٹرٹینر بنایا تھا۔


