(19 جون 2026): فلمساز بھارت ایس شریناتی نے سلمان خان کو دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مجھے ’کالا ہرن‘ فلم بنانے سے روک نہیں سکتے۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کالا ہرن سے جڑا تنازع اُس وقت مزید شدت اختیار کر گیا جب سلمان خان نے فلمسازوں کو قانونی نوٹس بھیجا، لیکن پروڈیوسر امت جانی اور ڈائریکٹر بھارت ایس شریناتی نے واضح کیا کہ یہ فلم بولی وڈ سُپر اسٹار کی زندگی پر مبنی نہیں اور جو موازنہ کیا جا رہا ہے وہ بے بنیاد ہے۔
فلم کا پہلا پوسٹر سامنے آیا تو متعدد سوشل میڈیا صارفین نے اس کے مرکزی کردار اور سلمان خان کے درمیان حیرت انگیز مماثلت کی نشاندہی کی، جس میں خاص طور پر اس بریسلیٹ کی طرف توجہ دلائی گئی جو کردار نے پہن رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فلم ’کالا ہرن‘ سے راہیں جدا کرنے والے گووند نامدیو بڑی مشکل میں پھنس گئے
حالیہ انٹرویو میں تنازع پر بات کرتے ہوئے فلمساز بھارت ایس شریناتی نے ان دعووں کو یکسر مسترد کر دیا اور فلم میں کیے گئے تخلیقی فیصلوں کا دفاع کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بریسلیٹ کسی کی ملکیت نہیں، اگر سلمان خان کو لگتا ہے کہ اسے صرف وہی پہن سکتے ہیں تو انہیں اس کا پیٹنٹ کروا لینا چاہیے، وہ بریسلیٹ دنیا میں کہیں اور دستیاب ہی نہیں ہونا چاہیے، میں اس بات سے بالکل متفق نہیں ہوں کہ یہ فلم یا یہ کردار سلمان خان پر مبنی ہے۔
بھارت ایس شریناتی نے دلیل دی کہ اداکار اور سلمان خان کے درمیان مماثلت محض ایک اتفاق ہے اور یہ فلمسازوں کی جانب سے کسی جان بوجھ کر کی گئی کوشش کا نتیجہ نہیں ہے۔
فلمساز نے اس قانونی کارروائی کا بھی ذکر کیا جو اس پروجیکٹ کے خلاف شروع کی گئی ہے، اور فلم کی ریلیز کو روکنے کی کوششوں پر مایوسی کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سلمان خان میرے گاڈ فادر نہیں ہیں، وہ مجھے روک نہیں سکتے، نہ ہی وہ مجھے اور میرے کیریئر کو تباہ کر سکتے ہیں اور نہ ہی وہ مجھے اور میرا کیریئر بنا سکتے ہیں۔


