(12 جون 2026): بولی وڈ سُپر اسٹار سلمان خان نے فلم ’کالا ہرن: بیٹل فار لیگیسی‘ کی پروڈکشن اور ریلیز کے خلاف رکاوٹ بننے کی ٹھان لی۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے فلم ’کالا ہرن‘ پر پابندی لگانے کیلیے دہلی ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ اداکار نے فلم کی پروڈکشن، پروموشن اور ریلیز پر اعتراضات اٹھائے۔
اپنی درخواست میں سلمان خان نے الزام لگایا کہ یہ فلم ان کے شخصیت کے حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہے اور ان کے عوامی تشخص کا غلط استعمال کرتی ہے۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ یہ پروجیکٹ ان سے جڑے 1998 کے کالا ہرن کیس سے متاثر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کیخلاف کالا ہرن کیس پر فلم بنانے والے پروڈیوسر کو قتل کی دھمکیاں موصول
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کالا ہرن کے میکرز نے ایک ہم شکل کردار کا استعمال کیا اور ان کے مخصوص انداز بشمول بریسلیٹ کو بھی دوبارہ کاپی کرنے کی کوشش کی ہے۔ اداکار نے دلیل دی کہ ایسے عناصر ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
قانونی چارہ جوئی میں سلمان خان نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ فلم کی ریلیز سے جاری عدالتی کارروائی متاثر ہو سکتی ہے۔ اداکار نے عدالت سے استدعا کی کہ فلم کی ریلیز، اسٹریمنگ، پروموشن اور اس سے متعلقہ تمام تشہیری مواد پر روک لگائی جائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اداکار نے فلم کے میکرز کو ایک قانونی نوٹس بھی بھیجا تھا جس میں پروجیکٹ کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فلم حقیقی زندگی کے حساس واقعات پر مبنی ہے جو ابھی تک زیرِ سماعت ہیں۔


