(6 مئی 2026): معروف بالی وڈ شخصیات سلمان خان اور کرینہ کپور کو اسکرین پر ایک ساتھ دیکھنے کے خواہش مند مداحوں کیلیے خوشخبری آگئی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سلمان خان ہدایت کار جوڑی راج اور ڈی کے کی آنے والی سپر ہیرو فلم کیلیے کرینہ کپور کے ساتھ دوبارہ اسکرین شیئر کرنے کیلیے تیار ہیں۔
کرینہ کپور اس فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے کیلیے فلمسازوں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہیں، جبکہ بتایا جا رہا ہے کہ سلمان خان نے اداکارہ سے براہ راست رابطہ کیا ہے جس کی وجہ سے بات چیت میں تیزی آئی۔
یہ بھی پڑھیں: کیا کرینہ کپور رمضان کے روزے رکھتی ہیں؟
اگرچہ کرینہ کپور نے ابھی تک باضابطہ طور پر پروجیکٹ سائن نہیں کیا لیکن انہوں نے مثبت ردعمل دیا ہے اور وہ اس فلم میں کام کرنے کی خواہش مند ہیں۔
اس سے قبل ایسی اطلاعات تھیں کہ سلمان خان کے مدمقابل سامنتھا روتھ پربھو کو کاسٹ کرنے پر غور کیا جا رہا تھا۔
اتل اگنی ہوتری اور میتھری مووی میکرز کے بینر تلے بننے والے اس پروجیکٹ میں سلمان خان ایک بالکل نئے اوتار میں یعنی عمر رسیدہ سپر ہیرو کے طور پر نظر آئیں گے۔
فلم کی کہانی اُس وقت موڑ لیتی ہے جب غیر متوقع حالات انہیں دوبارہ ایکشن میں آنے پر مجبور کر دیتے ہیں اور وہ ایک بڑی جنگ کا حصہ بن جاتے ہیں۔
یہ آنے والا پروجیکٹ سلمان خان اور کرینہ کپور کے درمیان پانچواں تعاون ہوگا۔ یہ جوڑی اس سے قبل بجرنگی بھائی جان، کیوں کی…، میں اور مسز کھنہ اور باڈی گارڈ جیسی فلموں میں ایک ساتھ کام کر چکی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


