The news is by your side.

Advertisement

سلمان خان نے کروڑوں کی آفر ٹھکرا دی

ممبئی: بالی وڈ کے ”دبنگ“ اداکار سلمان خان نے ایک فلم میں مختصر دورانیے کے کردار کے لیے کروڑوں کی آفر ٹھکرا دی۔

بالی وڈ ہنگامہ کے مطابق سلمان خان جب اچھے موڈ میں ہوتے ہیں تو وہ بہت زیادہ دریا دلی کا مظاہر کرتے ہیں۔انہیں ”یاروں کا یار“ کے طور پر بھی جانا جاتا ہے کیوں کہ وہ قریبی دوستوں کے لیے اپنے راستے سے ہٹ جاتے ہیں۔

سلمان خان کے تیلگو فلموں کے اسٹار چرن جیوی کے ساتھ انتہائی مضبوط تعلقات ہیں۔ جب چرن جیوی کے بیٹے رام چرن ممبئی میں فلم ”زنجیر“ کی شوٹنگ میں مصروف تھے تو سلمان خان روزانہ سیٹ پر جا کر ان کے ساتھ کھانا کھاتے تھے۔

اب سلمان خان نے چرن جیوی کی فلم ”گاڈ فادر“ میں ایک مختصر دورانیے کے کردار کے لیے شوٹنگ شروع کر دی ہے۔ اداکار نے یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ اپنے کام کے لیے ایک پیسہ بھی نہیں لیں گے۔

ذرائع کے مطابق پروڈیوسر سلمان خان کو ”گاڈ فادر“ کے لیے میں مختصر دورانیے کے کردار کے لیے 15 سے 20 کروڑ روپے بطور معاوضہ ادا کرنا چاہتے تھے تاہم سلمان خان نے اس سے انکار کر دیا۔

اداکار نے چرن جیوی کو بتایا کہ اگر وہ اسے ادائیگی کرنے پر اصرار کریں گے تو وہ شوٹنگ روک دیں گے۔ سلمان خان کے الفاظ تھے کہ اگر میں آپ سے اپنی فلم میں کردار کرنے کے لیے کہوں تو کیا آپ اس کے لیے معاوضہ لیں گے؟ اداکار کی اس بات نے چرن جیوی کو لاجواب کر دیا۔

سلمان خان ”گاڈ فادر“ میں 20 منٹ کے لیے نظر آئیں گے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں