بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے گھر کے باہر تعینات پولیس اہلکار کی اچانک موت ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار سلمان خان کے ممبئی میں واقع رہائشگاہ گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار ڈیوٹی کے دوران چل بسا۔
پولیس کانسٹیبل کی موت کی وجہ ابتدائی طور پر دل کا دورہ بتائی جارہی ہے۔
پولیس اہلکار گنیش رائٹے ممبئی پولیس کی ٹیم کے ہمراہ سلمان خان کے گیلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر تعینات تھا۔ شام تقریبا 6 بجے اس نے ساتھی اہلکاروں کو طبیعت خراب ہونے کی اطلاع دی، جس کے فوراً بعد اسے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے وہاں پہنچنے پر اسے مردہ قرار دے دیا۔
Lifestyle News – Latest Entertainment News, Celebrity Gossip
پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر گنیش کو دل کا دورہ پڑا ہے لیکن طبی رپورٹ سامنے آنے کے بعد موت کی اصل وجہ کی تصدیق ہوسکے گی۔
واضح رہے کہ 2024 میں اداکار کے قریبی دوست اور مہاراشٹر کے سابق وزیر بابا صدیق کے قتل کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی کو ’وائی پلس‘ کیٹیگری میں بڑھا دیا گیا تھا۔
اداکار کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی بڑی وجہ انہیں ملنے والی مسلسل دھمکیاں بھی ہیں۔ 1990 کی دہائی کے کالے ہرن کے شکار کے مقدمے کے تناظر میں لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے سلمان خان کو متعدد بار دھمکیاں دی جاچکی ہیں، جبکہ بابا صدیق کے قتل کی ذمہ داری بھی اسی گینگ نے قبول کی تھی۔


