حیدرآباد(یکم دسمبر 2025): جنوب بھارتی سپر اسٹار سمانتھا روتھ پربھو نے فلم ڈائریکٹر راج نڈیمورو سے خفیہ طور پر شادی کر لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق شادی پیر کی صبح کوئمبٹور کے ایشا یوگا سینٹر میں موجود لنگ بھیروی مندر میں انتہائی سادگی سے انجام پائی۔ تقریب میں فیملی سمیت صرف 30 مہمان موجود تھے۔
اس کے اب اداکارہ نے بھی اپنی دوسری شادی کی تصدیق کردی ہے، شادی کے فوراً بعد سمانتھا نے اپنے سوشل میڈیا پر کئی خوبصورت تصاویر شیئر کی ہیں جن میں وہ سرخ ساڑھی میں نہایت دلکش نظر آ رہی ہیں۔
View this post on Instagram
دلہن سمانتھا نے اس موقعے پر سرخ رنگ کی خوبصورت ساڑھی پہنی تھی جو روایتی انداز سے تیار کی گئی تھی۔ ساڑھی پر ہاتھ سے کڑھائی کی گئی تھی۔ سمانتھا نے بھاری سونے کے زیورات پہنے، بالوں کو جھکے میں باندھا اور گجرا لگایا، جو ان کی خوبصورتی کو چار چاند لگا رہا تھا۔
یاد رہے کہ بھارتی میڈیا پر اتوار کی رات دیر گئے شادی کی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں۔ راج نڈیمورو کی سابقہ بیوی شیمالی ڈے نے بھی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک پراسرار پیغام شیئر کیا تھا جس میں لکھا تھا” مایوس لوگ مایوس کرنے والے کام کرتے ہیں”۔
یاد رہے کہ راج نڈیمورو اور شیمالی کی طلاق مبینہ طور پر 2022 میں ہوئی تھی۔ 2024 کے آغاز سے ہی سمانتھا اور راج کی قربت کی خبریں میڈیا میں زیرِ گردش تھیں۔
گزشتہ ایک سال میں سمانتھا نے راج کے ساتھ کئی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں اور دونوں کو کئی مواقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا تھا، یہ سمانتھا اور راج دونوں کی دوسری شادی ہے۔
سمانتھا اس سے قبل اداکار ناگا چیتنیا سے شادی کی تھیں۔ دونوں نے 2017 میں شادی کی تھی مگر چار سال بعد 2021 میں طلاق لے لی۔ ناگا چیتنیا نے رواں سال اداکارہ سوبھتا دھولی پالا سے شادی کر لی ہے۔


