لاہور: پنجاب کے وزیر اطلاعات صمصام بخاری کا کہنا ہے کہ عوام کسی کی کرپشن کے تحفظ کے لیے سڑکوں پر نہیں آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے کہا کہ چیخوں کی اصل وجہ 10برسوں کا حساب مانگنا ہے، اپوزیشن میں آنے کے بعد ورکرز کنونشن کیوں یاد آگئے؟۔
صمصام بخاری نے کہا کہ سیاسی انارکی کے لیے نوازلیگ نے منصوبہ بندی کررکھی ہے، عوام کسی کی کرپشن کے تحفظ کے لیے سڑکوں پر نہیں آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف ایجنڈے کےعلاوہ نوازلیگ کے پاس کچھ نہیں ہے، اداروں کی بدنامی کے لیے عالمی فرموں کی خدمات مستعارلی گئیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب کہا کہ نوازلیگ نے کرپشن بچانے کے لیے جھوٹ کا طوفان کھڑا کر دیا، 10سال کا کچا چٹھا سامنے آیا تو سابقہ کرپشن ماند پڑجائے گی۔
صمصام بخاری نے کہا کہ پنجاب کرپشن اورگھوسٹ منصوبوں کا گڑھ بنا ہوا تھا، آشیانہ، لیپ ٹاپ، میٹروجیسے منصوبوں کا جواب دینا ہوگا، 56 کمپنیوں کے ان داتا نے کرپشن کا بازارگرم کیے رکھا۔
وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے مزید کہا کہ کرپشن کرنے والا کوئی بھی ہو اسے جواب دینا ہوگا۔
کرپشن کے لیے واویلا کرنے والے تبدیلی کا راستہ نہیں روک سکتے، صمصام بخاری
یاد رہے کہ 30 جون کو صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ کرپشن کے لیے واویلا کرنے والے تبدیلی کا راستہ نہیں روک سکتے، فرسودہ نظام کو ابھی نہیں تو کبھی نہیں کی بنیاد پربدلنا ہوگا، نظام کی تبدیلی ہی ملکی معیشت میں بہتری کی ضامن ہے۔