نیویارک: کیا آپ جانتےہیں کہ اپیل اور سام سنگ کے نئے اسمارٹ فون میں سے کون سی ڈیوائس زیادہ بہتر اور اچھی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جدید دور کے حساب سے موبائل فون بنانے والی کمپنیاں صارفین کو متوجہ کرنے کے لیے نت نئے فیچرز والے جدید اسمارٹ فون متعارف کروا رہی ہیں۔
دنیا بھر میں اسمارٹ فون کے صارفین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جس کے باعث ماہرین اپنے طور پر مکمل کوشش کر کے اس ٹیکنالوجی کو جدید سے جدید تر کرتے جارہے ہیں۔
حال ہی میں اپیل فون نے اپنا نیا ہینڈ سیٹ آئی فون 8 مارکیٹ میں متعارف کروایا جس میں نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں، جن میں موبائل اسٹوریج، زیادہ ریم، ریئر اور بیک کیمروں سمیت سافٹ ویئر بھی شامل ہیں۔
اسی طرح سام سنگ نے بھی صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے نوٹ 8 مارکیٹ میں متعارف کروایا جس کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ یہ آئی فون سے زیادہ صارفین کو متاثر کرنے میں کامیاب رہا ہے۔
دنیا بھر میں جدید موبائل فون رکھنے کے شوقین افراد مارکیٹ میں آنے والے نئے سیٹس کا تقابلی جائزہ لیتے ہیں اور ان کے بارے میں صارفین کو بھی آگاہ کرتے نظر آتے ہیں، حال ہی میں امریکی شہری ڈیوڈ رحیمی نے آئی فون اور سام سنگ کے جدید موبائلز کا مشاہدہ کیا۔
امریکی شہری جو انجینئرنگ کمپنی سے وابستہ ہیں انہوں نے مشاہدہ کرنے کے لیے دونوں موبائلز پر 16 ایپلیکشنز کھولیں اور موبائل کے دیگر فیچرز بھی چیک کیے، اس دوران انہوں نے ایک ویڈیو بھی ریکارڈ کی۔
ڈیوڈ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ماضی میں جتنے بھی تجربات کیے اس دوران آئی فون کو بہتر قرار پایا تاہم اس بار حیران کُن طور پر سام سنگ نوٹ 8 نے اپیل کے ماڈل کو شکست دی۔
ویڈیو میں دکھائے جانے والے نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ آئی فون اور سام سنگ کے درمیان مقابلہ دلچسپ رہا تاہم نوٹ 8 نے آئی فون کو تیز چلنے کے معاملے میں 6 سیکنڈ سے شکست دی۔