ممبئی(16 جون 2026): بھارتی ٹیلی ویژن کی معروف نوجوان اداکارہ سنچیتا اوگلے نے محض 22 سال کی عمر میں مبینہ طور پر خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ شام اداکارہ کے گاؤں میں واقع ان کی رہائش گاہ پر پیش آیا۔پولیس کا ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے کہنا ہے کہ سنچیتا اوگلے نے اپنے کمرے کا دروازہ اندر سے بند کیا اور مبینہ طور پر ساڑھی کی مدد سے پنکھے سے لٹک کر اپنی جان دے دی۔
اہل خانہ اور مقامی لوگوں نے دروازہ توڑ کر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری قانونی کارروائی مکمل کی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا۔
پولیس حکام کے مطابق اداکارہ کے والد کی شکایت پر پراسرار موت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ خودکشی کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی ہے، تاہم پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ سنچیتا اوگلے نے بھارت کے انتہائی مقبول ٹیلی ویژن ڈراموں ’کُم کُم بھاگیہ‘ اور ’واگلے کی دنیا‘ سمیت متعدد ٹی وی پروجیکٹس میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
اس کے علاوہ وہ فلم ’چھاوا‘ اور ’سائلنس 2: دی نائٹ آؤل بار شوٹ آؤٹ‘ میں بھی اداکاری کرتی نظر آئی تھیں۔ ان کی ناگہانی موت پر شوبز انڈسٹری اور مداحوں میں شدید غم و غصے اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔



