سانگھڑ : سندھ کے علاقے سانگھڑ میں بس اور چنگچی رکشہ کے درمیان خوفناک تصادم میں دس افراد جاں بحق اور 24زخمی ہوگئے، ہلاک شدگان کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے علاقے سانگھڑ میں شاہ پور چاکر کے قریب نواب شاہ روڈ پر تیز رفتار بس سامنے سے آنے والے چنگچی رکشے کے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں چنگچی رکشے مین سوار تمام افراد جان کی بازی ہار گئے۔
اس کے علاوہ تیز رفتار بس حادثے کے بعد الٹ گئی جس سوار مسافروں کو علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکالا، حادثے کے بعد ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو اداروں کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور ہلاک و زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، ہلاک ہونے والوں میں سے متعدد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
حادثے میں رکشہ ڈرائیور بھی جان گنوابیٹھا جبکہ حادثے میں چوبیس افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جس میں سے اکثر کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔