بدھ, فروری 19, 2025
اشتہار

سانحہ لاہوراورپارلیمنٹ کے سامنے مارچ قابل مذمت ہے، ایچ آرسی پی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) نے اتوار کولاہور میں ہونے والے بہیمانہ بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور اس امر پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے باجود دہشت گرد اب بھی بڑے حملے کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔

ایچ آر سی پی نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے کہ ایک پرتشدد ہجوم بغیر کسی مزاحمت کے راولپنڈی سے اسلام آباد پہنچ گیا اور اس نے پارلیمنٹ کے قریب ایک انتہائی حساس علاقے میں دھرنا دیا۔

پیر کو میڈیا کو جاری کئے گئے ایک بیان میں کمیشن نے کہا کہ ” ہم ان خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں جو اتوار کو گلشن اقبال پارک میں ہونے والے قتل عام میں اپنے پیاروں سے محروم ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں بہت سے بچے شامل تھے جو اقبال پارک کے کھیل کے میدان میں خودکش حملہ آور کے دھماکے کا شکار ہوئے۔

اس واقعے پر ملک میں سکیورٹی کا بندوبست کرنے والوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں کیونکہ اس واقعے سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے باوجود وہ اب بھی تباہ کن حملے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

سکیورٹی کی موجودہ صورتحال میں یہ سمجھنا مشکل ہے کہ پارک میں سکیورٹی کا خاطر خواہ بندوبست کیوں نہیں کیا گیا تھا،

یہ حیران کن امر ہے کہ اتنا بڑا مشتعل ہجوم راولپنڈی سے بڑی آسانی کے ساتھ اسلام آباد پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔اس چیز کی انکوائری ہونی چاہئے کہ آیا مظاہرین کو روکنے کے ذمہ دار پولیس اہلکاروں میں ان کے حمایتی تھے یا ایسا انتظامیہ کی نااہلی کے باعث ہوا۔

ہمیں امید ہے کہ حکام مستقبل میں لوگوں کی جانوں اور املاک کو کسی قسم کے نقصان سے تحفظ فراہم کرنے کے اہل ہوجائیں گے اور ہجوم کو طاقت کے غیر ضروری استعمال کے بغیر کنٹرول کرلیں گے۔

 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں