ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار سنجے دت 20 سال سے نامور اداکارہ کی شادی کروانے کی کوشش میں مصروف ہیں جو حال ہی میں بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہوئیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امیشا پٹیل حال ہی میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’غدر 2‘ کی کامیابی پر جشن منا رہی ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے ایک انٹرویو بھی دیا۔
انٹرویو میں اداکارہ نے سنجے دت کے ساتھ اپنے قریبی تعلق کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ میری فیملی کی طرح ہیں، وہ ہمیشہ کہتے ہیں کہ ’امیشا! تم اس انڈسٹری میں سب سے اچھی ہو، لیکن میں تمہیں اس سے نکال رہا ہوں۔‘
امیشا پٹیل کے مطابق سنجے دت کہتے ہیں کہ ’چل تیری شادی کرواتا ہوں‘، وہ تقریباً 20 سال سے میری شادی کروانے کی کوشش میں مصروف ہیں، وہ اکثر لوگوں کو میرے بارے میں کہتے ہیں ’یہ تو بچی ہے۔‘
اداکارہ نے بتایا کہ کچھ لڑکے سنجے دت کی باتیں سن کر شادی کیلیے میرے پاس آئے لیکن میں نے اُنہیں مسترد کر دیا، سنجے دت ہمیشہ کہتے ہیں کہ ’جب بھی تیری شادی ہوئی کنیادان میں ہی کروں گا۔ جس دن تیری شادی ہوگی مجھے بہت خوشی ہوگی۔‘
انیل شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی ’غدر 2‘ میں امیشا پٹیل نے سنی دیول کے ساتھ کام کیا۔ 11 اگست کو ریلیز ہونے والی فلم نے پہلے تک 40 کروڑ روپے کا زبردست بزنس کیا اور اب 500 کروڑ روپے کے کلب میں شامل ہو چکی ہے۔
دو روز قبل سنی دیول نے فلم کی کامیابی کا جشن منانے کیلیے اپنے گھر پر پارٹی کا انعقاد کیا جس میں بالی وڈ کی نامور شخصیات نے شرکت کی۔
بالی وڈ کے تینوں ’خانز‘ شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کے علاوہ اجے دیوگن اور کاجول بھی خوبصورت لباس میں پارٹی میں لطف اندوز ہوتے ہوئے نظر آئے۔