لاہور : اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب ہراسانی کے الزامات پر رکن صوبائی اسمبلی پنجاب ثاقب چدھڑ نے مفصل ثبوت اور جواب جمع کروا دیئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف ہراسانی کے الزامات کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی۔
لیگی ایم پی اے ثاقب چدھڑ اپنی اہلیہ سمیرا کے ہمراہ لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کے دفتر میں پیش ہوئے، جہاں انہوں نے تفتیشی ٹیم کے سامنے اپنا بیان قلمبند کروایا۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کے دفتر میں مسلسل 4 گھنٹے تک انکوائری جاری رہی۔
بعد ازاں ثاقب چدھڑ کے وکیل میاں علی اشفاق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے موکل اور ان کی اہلیہ نے تفتیشی ٹیم کو تفصیلی جواب اور درجنوں مضبوط ثبوت فراہم کر دیے ہیں۔
میاں علی اشفاق کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس دو ٹوک اور واضح ثبوت موجود ہیں، جن کا ضرورت پڑنے پر فرانزک بھی کرایا جا سکتا ہے۔
وکیل صفائی نے کیس کے حوالے سے سنسنی خیز دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس کیس کے حقائق کو دیکھا جائے تو یہ معاملہ بالکل الٹا معلوم ہوتا ہے، اور ہراسانی کے یہ تمام الزامات درحقیقت دوسرے فریق (اداکارہ مومنہ اقبال) پر ہی پورے اترتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس میں تفتیش کے ابھی کافی مراحل باقی ہیں اور وہ قانون کے مطابق تمام مراحل میں مکمل تعاون کریں گے۔


