ہرارے: زمبابوے کی سابق فاسٹ بولر اور امپائر سارہ ڈمبانیوانا پیر کے روز ہرارے میں 36 برس کی عمر میں فانی دنیا کو خیرباد کہہ گئیں۔
زمبابوے کرکٹ کے مطابق سابق فاسٹ بولر اور امپائر سارہ ڈمبانیوانا مارچ میں ایک طبی عمل سے گزرنے کے بعد سے اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔
رپورٹس کے مطابق ان کے انٹرنیشنل امپائرنگ کیریئر کا آغاز 2 ستمبر 2023 کو ہوا۔ اس کے بعد انہوں نے یو اے ای میں ہونے والے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 اور بھارت و سری لنکا میں منعقدہ ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ 2025 میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے۔
انہیں ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ 2025 کے لیے مقرر کیا گیا تھا، امپائرز اور میچ آفیشلز کے تاریخ ساز مکمل خواتین پر مشتمل پینل کا بھی حصہ تھیں۔
اس سے قبل انہوں نے جنوبی افریقا میں 2023 کے انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے تھے، اس طرح وہ کسی بھی ورلڈ کپ فائنل میں امپائرنگ کرنے والی زمبابوے کی پہلی خاتون بن گئی تھیں۔
مجموعی طور پر انہوں نے 63 سینئر بین الاقوامی میچز میں امپائرنگ کی، جن میں خواتین کے 42 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، 11 ون ڈے انٹرنیشنل اور مردوں کے 10 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے ملکی کرکٹ اور عالمی یوتھ ٹورنامنٹس میں بھی امپائرنگ کی۔
پاکستان، سری لنکا کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی آج کھیلا جائے گا
رپورٹس کے مطابق سارہ ڈمبانیوانا نے 2009 سے 2014 کے دوران زمبابوے کی جانب سے بطور کھلاڑی بھی نمائندگی کی، جس میں 2011 کا ورلڈ کپ کوالیفائر بھی شامل تھا۔


