اسلام آباد: وزیراعظم کے معاونِ خصوصی اور تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ سرفراز احمد نے عمران خان کی بات نہ مان کر بڑی غلطی کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے میچ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو پہلے بیٹنگ کرنے کا مشورہ دیا تھا تاہم قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے اس کے برعکس فیصلہ کیا۔ عمران خان نے سرفراز کو ریلو کٹے کھلاڑیوں پر انحصار نہ کرنے کا بھی مشورہ دیا تھا۔
سرفراز احمد کے پہلے باؤلنگ کرنے کے فیصلے کو تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’وزیراعظم نے واضح کیا تھا کہ آج کا میچ دماغی صلاحیتوں کا امتحان ہے‘‘۔
مزید پڑھیں: سرفراز کو جیت کے لیے ریلو کٹوں پرانحصار نہیں کرنا چاہیے، وزیراعظم
اُن کا کہنا تھا کہ ’’ٹاس جیت کر بھارت کے خلاف پہلے بیٹنگ نہ کرنے کا فیصلہ درست نہیں کیونکہ قومی ٹیم کا ہدف کے تعاقب کا ریکارڈ بہت برا ہے‘‘۔
نعیم الحق کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بھی بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، یہی وہ موقع تھا جہاں دماغی صلاحیت کا امتحان ہونا تھا جسے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے بالکل غلط انداز سے ڈیل کیا۔