لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سینٹرل کنڑیکٹ کا اعلان کردیا گیا ہے، سابق کپتان سرفراز احمد کی تنزلی ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں بیس کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، ڈیڑھ سال قبل اے کٹیگری میں شامل قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کی ایک بار پھر تنزلی ہوئی ہے، انہیں کٹیگری بی سے کٹیگری سی میں شامل کردیا گیا ہے۔
گذشتہ سال پی سی بی کی جانب سے اعلان کردہ سینٹرل کنٹریکٹ میں سرفراز احمد کو اے کٹیگری سے بی میں ڈالا گیا تھا۔
سرفراز کے علاوہ پی سی بی نے کئی اہم کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ نہیں دیا جن میں سینئر کرکٹر محمد حفیظ بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ اسد شفیق، حیدر علی، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس، نسیم شاہ، شان مسعود اور عثمان شنواری کو بھی سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل نہیں کیا گیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری سینٹرل کنٹریکٹ میں سابق ٹیسٹ کپتان اظہرعلی کی بھی تنزلی ہوئی ہے اور وہ اے سے بی کیٹگری میں چلے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شاہنواز ڈاہانی کو بہترین کارکردگی کا صلہ مل گیا
یاد رہے کہ سرفراز احمد گزشتہ سیزن میں ایک ون ڈے میچز اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز ہی کھیل پائے تھے، انہوں نے گزشتہ برس انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جس کے بعد انہیں 25 اپریل کو ہرارے میں زمبابوے کے خلاف موقع دیا گیا۔
سرفرازاحمد نے آخری ون ڈے میچ سات اپریل کو سینچورین میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلا اور اس دوران انہیں کسی ٹیسٹ میچ میں موقع نہیں ملا جب کہ سرفراز نے آخری ٹیسٹ میچ جنوری 2019 میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلا تھا۔