لاہور(8 نومبر 2025): سرگودھا میں مسلم لیگ نون کی رکن قومی اسمبلی کی گاڑی کی ٹکر سے بچہ جاں بحق اور چار افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں مسلم لیگ نون کی رکن قومی اسمبلی کی گاڑی کی ٹکر سے بچہ جاں بحق اور چار افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے کار کے ڈرائیور اور ایم این اے کے بیٹے کو حراست میں لے لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، حادثے میں تیز رفتار کار نے پہلے ایک موٹر سائیکل سوار کو ٹکر ماری، جس سے اس کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔
اسی دوران کار نے دوسری موٹر سائیکل کو بھی ٹکر ماری جس سے 6 سالہ ارشد موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، اس کی بہن خدیجہ، دادا غلام محمد، پھوپھی شگفتہ بی بی اور ایک نامعلوم موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوئے۔
پولیس نے مسلم لیگ (ن) کی ایم این اے ارم حامد حمید کے بیٹے احمد اور ڈرائیور کو حراست میں لے کر گاڑی قبضے میں لے لی۔ ایم این اے ارم حامد حمید اور سابق ایم این اے حامد حمید نے بیٹے کو خود پولیس کے حوالے کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
تھانہ کینٹ پولیس کے مطابق حادثے میں ملوث گاڑی کو قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ ایم این اے کا بیٹا اور ایک ملازم حراست میں موجود ہیں۔


