اسلام آباد: جرمن وزیرخارجہ فرینک والٹر کا کہنا ہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کرکام کرنا چاہتے ہیں جبکہ مشیرخارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مشیرخارجہ سرتاج عزیز سے جرمن وزیرخارجہ فرینک والٹر نے ملاقات کی، ملاقات میں علاقائی اورعالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں دونوں ملکوں کودرپیش چیلنجزاور افغانستان کی صورتحال پر بات ہوئی، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
جرمن وزیرِ خاجہ فرینک والٹر نے کہا کہ پاکستان سے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں، جرمن وزیرِ خارجہ نے آپریشن ضرب عضب کی تعریف بھی کی ہے۔
پاکستان اور بھارت کشیدگی کے حوالے سے جرمن وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان مسائل کے حل کے لئے مذاکراتی عمل کا جاری رہنا بہت ضروری ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل سے مسئلہ کشمیرکو الگ نہیں رکھا جاسکتا اس لئے اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل مذاکرات کے زریعے نکالا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرمنی دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہیں، دہشت گردی كے خلاف پاكستان كی قربانيوں كو دنيا تسليم کررہی ہے۔
سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان باہمی احترام کی بنیاد پر ہمسایوں سےاچھے تعلقات چاہتا ہے، پاكستان دہشت گردی كے خاتمے كے لئے پرعزم ہے، اس سلسلے میں ملک بھر میں دہشت گردوں كے خلاف بلا تفريق كارروائی کی جارہی ہے جب کہ پاک فوج کی جانب سے دہشت گردی كے خلاف آپريشن كاميابی سے جاری ہے۔