نوجوان پاکستانی بیٹر سعود شکیل نے ورلڈ کپ کے میچ میں نیدر لینڈ کے خلاف مشکل حالات میں 68 رنز کی جارحانہ میچ وننگ اننگ کھیل کر عامر سہیل کو بھی اپنا دیوانہ بنا لیا۔
نوجوان پاکستانی مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نیدر لینڈ کے خلاف ایسے موقع پر کریز پر کھیلنے کے لیے آئے جب صرف 38 رنز کے مجموعی اسکور پر کپتان بابر اعظم اور دونوں اوپنر امام الحق اور فخر زمان بھی پویلین لوٹ چکے تھے۔
اس موقع پر سعود شکیل نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر پاکستان کو مشکل صورتحال سے نکالا اور 120 رنز کی قیمی پارٹنر شپ قائم کی۔ وہ 52 گیندوں پر 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
سعود شکیل کی اس قابل فخر کارکردگی پر دنیا بھر کے ماہرین کرکٹ ان کی مدح سرائی کر رہے ہیں جس میں حالیہ اضافہ سابق اسٹائلش اوپنر عامر سہیل کا ہے۔
عامر سہیل نے ایک نجی ٹی وی کے اسپورٹس شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعود شکیل کی گیم تیکنیک اور سمجھ بوجھ لاجواب ہے اور اس کا اس نے نیدر لینڈ کے خلاف اظہار بھی کیا۔
سابق اوپنر نے کہا کہ اس کی کلاس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ہر بولر کو اس کی میرٹ پر کھیلا جب لیفٹ آرم اسپنر آیا تو ٹانگ پر گیپ میں چوکے مارے۔ آف اسپنر کو آف سائیڈ پر کھیلنے کی کوشش کی جب کہ فاسٹ بولرز کو بھی اس کی میرٹ پر کھیلا۔
انہوں نے کہا کہ سعود کی اننگ میں میرٹ پر شاٹ سلیکشن واضح نظر آئی۔ ہمیں ان کی حوصلہ افزائی اور ہائی لائیٹ کرنا چاہیے۔ ایسے مزید کھلاڑی آئیں گے تو جو ہم اگر مگر کی باتیں کرتے ہیں وہ ختم ہو جائیں گی۔