مکہ مکرمہ (12 مارچ 2026): ماہ مقدس رمضان المبارک کے دو عشروں میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد زائرین نے عمرہ ادا کیا ہے۔
رمضان المبارک کے دو عشرے گزر چکے ہیں اور تیسرا عشرہ جاری ہے۔ حرمین شریفین کے امور کی جنرل اتھارٹی نے دو عشروں میں زائرین عمرہ اور حرمین شریفین میں نمازیوں کی آمد سے متعلق اعداد وشمار جاری کیے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق رمضان المبارک کے دو عشروں میں عمرہ کرنے والوں کی تعداد ایک کروڑ 56 لاکھ 5 ہزار 86 رہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے داخلی دروازوں پر نصب حساس سینسر سسٹم کے ذریعے ڈیٹا حاصل کیا گیا ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق رمضان المبارک کے دوعشروں کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں زائرین اور نمازیوں کی مجموعی تعداد 9 کروڑ 66 لاکھ 38 ہزار 865 (96.6 ملین) رہی ہے۔
مسجد الحرام میں گزشتہ 20 دنوں میں 5 کروڑ 75 لاکھ 95 ہزار 401 افراد نے پانچوں وقت کی نماز اور تراویح ادا کی جبکہ مسجد نبوی ﷺ میں 2 کروڑ 11 لاکھ 43 ہزار 259 افراد نے پانچ وقت کی نمازیں ادا کیں۔
روضہ رسول ﷺ پر ایک کروڑ 71 لاکھ 15 ہزار 928 افراد نے سلام عرض کرنے کے لیے حاضری دی جب کہ روضہ شریفہ (ریاض الجنہ) میں نوافل ادا کرنے والوں کی تعداد 5 لاکھ 79 ہزار191 رہی۔
واضح رہے حرمین شریفین کے امور کی جنرل اتھارٹی عمرہ زائرین اور نمازیوں کی تعداد کو ٹریک کرنے کے لیے جدید سینسر ٹیکنالوجی کا استعمال کررہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


