لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور یو اے ای نواز شریف کی سیاست سے نفرت کرتے ہیں، اور عمران خان کو کرپشن سے نفرت ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ جمہوریت کا مضبوط ہونا اسٹیبلشمنٹ کے لیے بھی نا گزیر ہے، سیاسی قیادت غلط نہیں ہوتی سوچنے کے انداز الگ ہوتے ہیں۔
[bs-quote quote=”دوائیوں کو سستا ہونا چاہیے، وزیر اعظم سے کہہ چکا ہوں کہ لوگ اس پر بات کر رہے ہیں، ادویات مہنگی ہیں۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”شیخ رشید”][/bs-quote]
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ جتنے قریب ہیں اتنا پہلے کسی کو نہیں دیکھا، مہنگائی میں اضافے کے علاوہ حکومت کے پاس کوئی آپشن نہیں، گزشتہ چوروں اور ڈاکوؤں کی وجہ سے آج حکومت کو سزا مل رہی ہے۔
ریلوے وزیر نے کہا کہ ڈان لیکس نواز شریف کے گھر سے شروع ہو گیا تھا، وہ مشکوک ہوگئے تھے ملک سے باہر جا کر بھارت فون کرتے تھے، سری لنکا جا کر بھارت فون کیا۔
انھوں نے کہا کہ این آر او کے لیے حکومت پر کوئی دباؤ نہیں، شہباز شریف حکومت کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں، اس وقت مریم نواز اور شہباز شریف کی سیاست ایک دوسرے سے مختلف ہے، نواز شریف اور شہباز شریف بھی ایک سکے کے دورخ نہیں ہیں۔
شیخ رشید نے شریف برادران کی اگلی نسل میں خلیج پیدا ہونے کا بھی دعویٰ کیا، اپنی لڑائیوں کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹی موٹی ساس بہو کی لڑائی چلتی رہے گی۔
انھوں نے کہا کہ میں ریلوے کا وزیر ہوں حکومت کا ترجمان نہیں، این آر او ڈیل کی باتوں پر حکومت کا مؤقف بیان نہیں کر رہا، شہباز شریف کو این آر او کی بھیک مانگتے دیکھا اور سنا ہے، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو کبھی ڈیل کرتے نہیں دیکھا، مریم نواز اور حمزہ شہباز کو بھی ڈیل کرتے نہیں دیکھا۔
وزیر ریلوے نے ادویات کے مہنگا ہونے پر کہا کہ دوائیوں کو سستا ہونا چاہیے، وزیر اعظم سے کہہ چکا ہوں کہ لوگ اس پر بات کر رہے ہیں، ادویات مہنگی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہر کرپٹ آدمی نیب سے نا خوش ہے، خان صاحب کہیں گے تو بھی نیب آرڈیننس ترمیم کے لیے ووٹ نہیں دوں گا، 18 ویں ترمیم کے خاتمے کے لیے ووٹ کی کوئی خواہش نہیں، کسی اپوزیشن جماعت کو عمران خان کے لیے خطرہ محسوس نہیں کرتا۔
شیخ رشید نے کہا کہ کسی اپوزیشن جماعت نے گڑ بڑ کی تو 7 سے 8 لوگ پی ٹی آئی آنے کو تیار ہیں، ریلوے کی جگہ کسی اور جگہ ہوتا تو انھیں پی ٹی آئی میں شامل کرا چکا ہوتا، پیپلز پارٹی کے نہیں معلوم مگر ن لیگ کے لوگ تیار بیٹھے ہیں۔