ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر تارکین وطن کے اقاموں، وزٹ ویزوں اور خروج و عودہ کے ویزوں میں مفت توسیع پر عملدرآمد شروع کردیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے بیرون ملک مقیم غیر ملکیوں کے اقاموں، وزٹ ویزوں اور خروج و عودہ کے ویزوں میں توسیع خودکار نظام کے تحت 31 جولائی 2021 تک مفت کی جائے گی۔
وزیر خزانہ نے توسیع کے شاہی فرمان پر عملدرآمد کی ہدایت جاری کردیں۔
رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت اقاموں اور ویزوں میں توسیع کورونا وائرس کے مسائل سے نمٹنے کی سرکاری پالیسی کے تحت کررہی ہے۔
محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت اس بات کے لیے کوشاں ہے کہ مقامی شہریوں اور غیر ملکیوں کی صحت و سلامتی کے لیے درکار احتیاطی تدابیر اختیار اور ایسے اقدامات کیے جائیں جس سے مالیاتی اور اقتصادی نقصانات کم سے کم ہوں۔
محکمہ پاسپورٹ کے مطابق اقاموں اور ویزوں میں توسیع نیشنل انفارمیشن سینٹر کے تعاون سے خودکار نظام کے تحت ہوگی اس کے لیے کسی کو دفاتر سے رجوع نہیں کرنا پڑے گا۔
حکام کے مطابق بیرون مملکت موجود ان اقامہ ہولڈرز کے اقاموں اور خروج و عودہ ویزوں میں توسیع ہوگی جہاں سے آمد پر کورونا وبا کی روک تھام کے لیے پابندی لگی ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پابندی والے ممالک میں مقیم افراد کے اقاموں، وزٹ ویزوں اور خروج و عودہ میں دو جون 2021 تک توسیع کی گئی تھی۔