مکہ مکرمہ : سعودی عرب نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی عام نمازیوں کیلئے کھولنے کی تیاری کرلی، جس کے بعد مسجد الحرام میں طواف اور نماز کی اجازت ہوگی جبکہ مسلمان روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر بھی حاضری دے سکیں گے۔
تفصیلات کے مطاب سعودی وزارت حج و عمرہ نے حرمین شریفین عام نمازیوں کیلئے کھولنے کی تیاری کرلی، مسجد الحرام اور مسجد نبوی انتظامی امور کی کمیٹی کے سربراہ امام کعبہ شیخ عبدالرحمٰن السدیس کا کہنا ہے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کو عنقریب کھول دیا جائے گا، جس کے بعد مسجد الحرام میں طواف اور نماز کی اجازت ہوگی جبکہ مسلمان روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر بھی حاضری دے سکیں گے۔
امام کعبہ کا کہنا تھا کہ نمازیوں کو حرمین شریفین میں داخل ہونے کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ حرم مکی اور مسجد نبوی میں محدود پیمانے پر تراویح ادا کرنے کی مشروط اجازت دی گئی تھی، نماز تراویح میں حرم مکی اور مسجد نبوی میں کام کرنے والا عملہ ہی شریک ہوتا ہے جبکہ نماز کے دوران سماجی فاصلے کے اصول پر بھی سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔