ریاض: سعودی عرب میں وزارتِ داخلہ نے حج پرمٹ کی خلاف ورزی کے حوالے سے بھاری جرمانے اور سخت سزاؤں کا اعلان کردیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے بیرون مملکت سے آنے والوں کیلیے حج ویزے جبکہ داخلی عازمین کے لیے حج پرمٹ لازمی ہے۔ حج پرمٹ کی خلاف ورزی پر 20 ہزار ریال جرمانہ مقرر ہے۔
رپورٹس کے مطابق پرمٹ کے بغیر ممنوعہ مدت میں مکہ مکرمہ داخل ہونے کی کوشش کرنے والے یا وزٹ ویزے پر مملکت میں مقیم کسی بھی غیرملکی کو مکہ لے جانے یا ایسے افراد کو مکہ مکرمہ میں رہائش یا ٹرانسپورٹ سہولت فراہم کرنا بھی سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آئے گا۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق ’ایک لاکھ ریال کا جرمانہ جن خلاف ورزیوں کے لیے مقرر کیا گیا ہے، ان میں ایسے افراد شامل ہیں جو غیرملکی کے لیے کسی بھی نوعیت کا وزٹ ویزا جاری کرائیں اور ویزا ہولڈر کو ممنوعہ مدت (یکم ذی القعدہ 18اپریل 2026) میں مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ لے جانے کی کوشش کریں۔‘
یا وہ افراد جو یکم ذی القعدہ کے بعد وزٹ ویزہ ہولڈر کو مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں لے جانے کے لیے ٹرانسپورٹیشن یا انہیں قیام کی سہولت مہیا کریں گے۔
اس کے علاوہ مملکت میں غیرقانونی طریقے سے داخل ہونے والے یا حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے غیرملکیوں کو ملک بدر کرکے انہیں دس برس تک کے لیے بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔
سعودی عرب: منیٰ میں عازمینِ حج کے خیرمقدم کی تیاریاں عروج پر
وزارت کے مطابق غیر قانونی افراد کو (حج پرمٹ خلاف ورزی) ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے والے کی گاڑی کو بھی ضبط کرلیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


