ریاض: سعودی عرب کی کابینہ نے آئندہ مالی سال 2026 کے بجٹ کی منظوری دے دی۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں آئندہ مالی سال 2026 کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔
بجٹ میں عسکری اخراجات کے لیے 240 ارب ریال مختص کیے گئے ہیں۔
بجٹ 2026 میں 1.15 ٹریلین سعودی ریال (310 بلین ڈالرز) ریونیو حاصل کرنے کا تخمینہ ہے جو کہ 2025 کے تخمینے کے مقابلے میں 5.1 فیصد اضافہ ہے۔
وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بجٹ میں کل اخراجات 1.31 ٹریلین ریال مقرر کیے گئے ہیں جو کہ 2025 کے لیے رکھے گئے 1.34 ٹریلین سعودی ریال سے تھوڑا کم ہے۔
وزارت نے کہا کہ حکومت اخراجات کی کارکردگی کو بڑھانے، ضروری خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور سعودی ویژن 2030 کے مقاصد کے مطابق گیگا پروجیکٹس اور ترجیحی قومی حکمت عملیوں کو آگے بڑھانے پر مرکوز ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کوششوں میں بنیادی ڈھانچے کی مسلسل ترقی، معیار زندگی میں بہتری، اور شہریوں، رہائشیوں اور آنے والوں کے لیے عوامی خدمات کو مضبوط بنانا شامل ہے۔
2025 کے لیے نظرثانی شدہ تخمینہ ریال 245 بلین کے بجٹ خسارے کی طرف اشارہ کرتا ہے جو مجموعی گھریلو پیداوار کے 5.3 فیصد کے برابر ہے۔
2026 میں خسارہ تقریباً 165 بلین ریال تک پہنچنے کی توقع ہے۔ آئندہ سال حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو 4.6 فیصد متوقع ہے۔
سعودی حکومت مالی استحکام کے اہداف پر عمل کرنے کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔


