سعودی عرب : سعودی حکومت نے جعلی اور بوگس چیک دینے والوں کو خبردار کردیا، اس فعل کے مرتکب شخص کو سخت سزا کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سعودی پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ بوگس چیک کا اجرا قابل سزا جرم ہے، جو بھی بیلنس کے بغیر بدنیتی سے چیک جاری کرے گا اسے قید اور جرمانے کی سزا ہوگی۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر توجہ دلائی ہے کہ بوگس چیک کے اجرا پر 3 برس قید اور 50 ہزار ریال تک جرمانے کی سزا مقرر ہے۔
پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ چیک رقم کی ادائیگی اور وعدہ پورا کرنے کا وسیلہ ہے، اس کی حیثیت لین دین میں کرنسی جیسی ہے، بوگس چیک جاری کرنا امانت میں خیانت ہے۔