ریاض : سعودی حکومت اپنے شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، اس سلسلے میں عوام کو سستی بجلی اور پانی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں۔
سعودی عرب کی شوریٰ کونسل نے اپنے اجلاس میں بجلی کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ معاشرے کے کم آمدنی والے طبقے کو رعایت دینے کے لیے بلوں کے نرخوں میں نظرثانی کی جائے۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق شوریٰ کونسل نے اس امر کی جانب بجلی کمپنی کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں کے نرخوں میں اضافے سے کم آمدنی والے طبقے کو مشکلات درپیش آسکتی ہیں۔
اس کے علاوہ بجلی کے اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی مرتب کرتے ہوئے مقامی سطح پر اس پروگرام میں اہل افراد کو موقع دیا جائے۔
شوریٰ کونسل کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے مذکورہ اہل افراد اس میدان میں سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کریں جس سے سعودی بجلی کمپنی کی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔
شوریٰ کونسل نے پانی و بجلی اتھارٹی سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ مذکورہ میدان میں کام کرنے والے کنٹریکٹرز کے کام کے حوالے سے سلامتی کے امور کو بہتربنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کرے تاکہ خدمات کے معیار کومزید بہتربنایا جاسکے۔