ریاض : وزیرِخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے کھل کر پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی ہے،سعودی عرب طویل عرصے سے پاکستان کا شراکت دار رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِخزانہ محمد اورنگزیب نے العُلا میں ابھرتی ہوئی معیشتوں کی کانفرنس کےموقع پرعرب نیوز سے گفتگو میں سعودی عرب کو پاکستان کا دیرینہ شراکت دار قرار دیتے ہوئے پائیداراورباہمی طور پر فائدہ مند تعاون خصوصاً معیشت کے اہم شعبوں کی اہمیت پر زور دیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باوجود پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں، سعودی سرمایہ کاروں سے ریکوڈک سے متعلق بات چیت کسی ایک منصوبے تک محدود نہیں۔
وزیرِخزانہ نے بتایا کہ سعودی عرب نے کھل کرپاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہرکی ہے۔ معدنیات وکان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اورسیاحت سمیت کئی شعبوں میں سرمایہ کاری ہوئی ہے۔
محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ سعودی کمپنی وافی کی پاکستان کے ڈاؤن سٹریم آئل اینڈ گیس سیکٹر میں شمولیت ایک مثال ہے، پاکستان کی بڑی فری لانس افرادی قوت وسیع مواقع فراہم کررہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کےساتھ تعلقات کو امداد پر انحصار کے بجائے تجارت اورسرمایہ کاری کی بنیاد پر استوار کرنا چاہتا ہے، میکرواکنامک استحکام حاصل کر چکے ہیں۔ ہم ترقی کیلئے بہتر پوزیشن میں ہیں
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


