سعودی عرب میں سیاحوں کی ہیلتھ انشورنس پالیسیز اور سہوتوں سے متعلق اہم وضاحت جاری کردی گئی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں سیاحوں کے لیے ہیلتھ انشورنس پالیسی کی انتہائی حد ایک لاکھ ریال رکھی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی ہیلتھ انشورنس کونسل نے غیر ملکی سیاحوں کی ہیلتھ پالیسی کی تفصیلات جاری کی ہیں، انشورنس دستاویز کے مطابق مملکت میں سیاحت کے لئے آنے والے غیر ملکی سیاحوں کو مختلف صحت خدمات فراہم کی جائیں گی۔
سیاحوں کو ہیلتھ انشورنس کے تحت صرف ہنگامی صحت خدمات کی فراہمی ممکن ہوگی، ان کی مجموعی انتہائی حد ایک لاکھ ریال ہو گی۔ غیر ملکی سیاحوں کی ہیلتھ انشورنس ویزے کے اجرا کی تاریخ سے موثر ہو گی۔
ہنگامی حالات میں دانتوں کے علاج کو شامل کیا جائے گا، اس کے علاوہ دانتوں کی فلنگ، فضائی ایمبولینس، زچگی اور حمل، ٹریفک حادثات، ہنگامی ڈائیلائسز اور میت کو وطن پہنچانا شامل ہے۔
ہیلتھ انشورنس کونسل کے مطابق ہنگامی صحت خدمات میں طبی معائنہ، بیماری کی تشخیص،علاج، دوائیں اور پری میچور بچوں کی ضروریات کو شامل کیا گیا ہے۔