ریاض (02 فروری 2026): ریاض نے واشنگٹن پر ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے دباؤ ڈالنے کی تردید کر دی، سعودی عہدیدار نے کہا کہ خطے میں کشیدگی سے متعلق سعودی عرب کے اصولی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے کہ مملکت نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر اپنا مؤقف تبدیل کر لیا ہے۔
اتوار کو سعودی ملکیت کے اخبار الشرق الاوسط میں شائع ہونے والے بیان میں سعودی عہدیدار کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اب بھی دونوں ممالک کے درمیان تنازع کے پُرامن حل کی کوششوں کی حمایت کر رہا ہے، یہ کوششیں مکالمے اور سفارتی ذرائع کے ذریعے آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔
ایران نے یورپی افواج کو دہشتگرد قرار دیدیا
اعلیٰ سطح کے سعودی عہدیدار نے امریکی میڈیا کی ان خبروں کی تردید کی جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مبینہ طور پر ریاض نے واشنگٹن پر ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے دباؤ ڈالا ہے۔
عہدے دار نے کہا سعودی عرب نے ایران کے خلاف اپنی فضائی حدود یا سرزمین کے استعمال کو مسترد کر دیا ہے، اور اس بات پر زور دیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان تمام تنازعات سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے پرامن طور پر حل کیے جائیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


