ریاض : کورونا کی وبا کے باعث سعودی عرب اور عراق کے مابین تقریباً دو برس سے معطل فضائی سروس جمعرات کی شب بحال کردی گئی۔
ویب نیوز سبق نے عراقی وزارت نقل وحمل کے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ عراق اور سعودی عرب کے مابین فضائی سروس معمول کے مطابق بحال کی جارہی ہے جو گزشتہ دو برس سے کورونا وائرس کی وبا کے باعث معطل تھی۔
دریں اثناء عراقی نیوز ایجنسی نے بھی اس حوالے سے تصدیق کی ہے کہ عراقی عمرہ زائرین کو مملکت لانےاور لے جانے کے لیے دونوں ممالک کے مابین فضائی سروس بحال کی جارہی ہے۔
عراقی نیوز ایجنسی کا مزید کہنا تھا کہ دونوں مالک کے مابین مقررہ ضوابط طے کیے جانے کے بعد فضائی سروس مقررہ ایس اوپیز کے تحت بحال کی جارہی ہے۔
سعودی عرب اور عراق کے مابین فضائی سروس بحال ہونے سے عراقی عمرہ زائرین کو بھی سہولت ہوگی، عمرہ زائرین کو کورونا ضوابط کے بارے میں مطلع کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے بعد دیگر ممالک کی طرح مملکت میں بھی بین الاقوامی فضائی سروس معطل کردی گئی تھی۔