جدہ : سعودی پولیس نے سپر مارکیٹ کے سامنے کھڑی لگژری کار چوری کرنے والا ملزم کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے شناخت کرلیا، مالک گاڑی اسٹارٹ حالت میں چھوڑ کر چلا گیا تھا۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق جدہ میں چور اسٹارٹ گاڑی لے کر فرار ہوگیا، جدہ میں سپر مارکیٹ کے سامنے پارک کی جانے والی لگژری کار چوری کرنے والے ملزم کی شناخت ہوگئی۔
مقامی شہری سپر مارکیٹ سامان خریدنے کے لیے پہنچا۔ اس نے گاڑی اسٹارٹ حالت میں مارکیٹ کے سامنے چھوڑی اور خریداری کے لیے اندر چلا گیا۔ اسی دوران ایک شخص آیا۔ اس نے گاڑی کا دروازہ کھولا اور لگزس کار لے کر فرار ہوگیا۔
چوری کی یہ واردات سپر مارکیٹ کے سی سی ٹی وی کیمروں میں محفوظ ہوگئی۔ فوٹیج کی مدد سے چوری کی واردات کرنے والے شخص کی شناخت کرلی گئی۔
سعودی ٹریفک قانون کے بموجب گاڑی کو اسٹارٹ حالت میں چھوڑ کر جانا منع ہے اور یہ ٹریفک خلاف ورزی ہے۔ محکمہ ٹریفک اس حوالے سے ذرائع ابلاغ کی مدد سے گاڑیوں کے مالکان کو تنبیہ کرتا رہتا ہے۔
اس کے باوجود بعض مالکان لاپروائی سے کام لیتے ہوئے اسٹارٹ حالت میں گاڑیاں چھوڑ کر شاپنگ کرنے چلے جاتے ہیں۔ کبھی کبھار تو گاڑی میں اہل و عیال تک موجود ہوتے ہیں اور وہ بھی واردات کی وجہ سے مشکل میں آجاتے ہیں۔