جدہ ٹرانسپورٹ کمپنی نے کہا ہے کہ آئندہ اتوار سے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے ایکسپریس بس سروس شروع کی جائے گی۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایکسپریس بس سروس جدہ ایئرپورٹ کمپنی اور پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی ساپٹکو کے تعاون سے چلائی جائے گی۔
ایکسپریس عوامی بس سروس ہفتے کے ساتوں دن چوبیس گھنٹے ایئرپورٹ پر مہیا ہوگی۔ یہ سروس کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمنل نمبرایک اورشمالی ٹرمنل نمبر2 کے درمیان آنے جانے کی سہولت مہیا کرے گی۔ اس کا کرایہ 15 ریال ہوگا۔ اس میں معاشرے کے مختلف طبقوں کے افراد فائدہ اٹھاسکیں گے۔
مطارات جدہ کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین انجینیئر ریان طرابزونی اور ساپٹکو کے ایگزیکٹیو چیئرمین انجینیئر خالد الحقیل اور جدہ ٹرانسپورٹ کمپنی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر اسامہ عبدہ نے ایکسپریس بس سروس کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
جدہ ٹرانسپورٹ کمپنی نے کہا ہے کہ جدہ کے ہوائی اڈوں پر بس سٹینڈ مختص ہوں گے، بلد میں بس کے تین سٹینڈ ہوں گے، ایک فلامنگو مال، دوسرا اندلس مال اور تیسرا البغدادیہ محلے7 میں مدینہ سے آنے والے روڈ پر ہوگا۔